پریس ریلیز
اوگرا کی نافذ گائیڈ لائن کے تحت ایل پی جی فلنگ پوائنٹ کی بندش ختم کی جائے۔۔۔عدیل صدیقی
ایل پی جی کی بندش سے زیور سازی کی صنعت سے وابستہ ہنر مند فاقہ کشی پر مجبور ہیں
09-06-2024
حیدرآباد ( )حیدرآباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرعدیل صدیقی نے انجمن زرگر کاریگران رجسٹر ڈ کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ تاجروں کے مسائل کا حل معا شی ترقی میں اہمیت کا حامل ہے، کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی اور اس کے کاروبا ری شعبے سے جڑی ہے، حیدرآباد سندھ کا بڑا کاروبا ری مرکز ہے۔ پریٹ آباد میں ایل پی جی فلنگ پوائنٹ پر خوفناک سلینڈر دھماکے میں درجنوں افراد جاں بحق ہوئے شہری سوگوار ہیں، جیسا کہ وفد کے اراکین نے بتایا کہ شہر میں ایل پی جی پر بندش سے زیورات سازی کی صنعت متاثر ہو رہی ہے، ہنرمند غریب محنت کش بیروزگار ہیں یقینا یہ ایک لمحہ فکریہ ہے، ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ گیس کی لو ڈ شیڈنگ سے کاروبا ری سرگرمیوں کا انحصار ایل پی جی پر بڑھا ہے، ضلعی انتظامیہ، وزارت انرجی، پیٹرولیم ڈویژن، سول ڈیفنس سمیت متعلقہ محکموں کو آن بور ڈ لے کر اوگرا کی نافذ گائیڈ لائن پر عمل کراتے ہوئے ایل پی جی فلنگ پوائنٹ کی بندش ختم کرائے، تاکہ شہر میں کاروباری سرگرمیاں تسلسل سے جا ری رہیں۔ انجمن زرگر کاریگران رجسٹرڈ کے صدر عبد الحمید نے کہا کہ یقینا حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری ترقی اور تاجروں کے معاملات حل کرانے میں نمایاں رہا ہے، ہم آپ کے علم میں لانا چاہتے ہیں کہ ایل پی جی کی بندش سے زیورات سازی کی صنعت کو اب تک بڑا نقصان پہنچ چکا ہے، پندرہ سو تا دو ہزار کارخانوں میں زیورات تیا رکر کے حیدرآباد کراچی اور اندرون سندھ کے مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کیا جاتا تھا، سینکڑوں ہنر مند محنت کش فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ آپ نے توجہ اور تحمل سے ہما رے مسائل سنے ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ زیورات سازی کی صنعت کو مشکل سے نکالنے میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں گے، ملاقات میں جنرل سیکریٹری سلمان احمد، نائب صدر محمد عابد، جوائنٹ سیکریٹری محمد عرفان ودیگر موجود تھے۔
سیکریٹری جنرل