پریس ریلیز
امن وامان اور معا شی ترقی میں تاجر وں سے مشاورت کریں گے۔۔۔بریگیڈیئر (ر) حارث نواز
تاجروں کی زمینوں پر لینڈ مافیامسلط ہے۔۔۔نجم الدین قریشی
12-10-2023
حیدرآباد ( )نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی بہتری اور معا شی ترقی کے لئے تاجر برادری کی مشاورت سے کام کر یں گے، پچھلے ادوار میں جو کچھ ہوا اب ایسا نہیں چلے گا، لینڈ مافیا کی شکایات کے ازالے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف سند ھ پو لیس رفعت مختار نے کہا کہ چوبیس سو پو لیس کانسٹیبل کراچی میں تعینات تھے، مرحلہ وار پو لیس کانسٹیبل ڈسٹرکٹ پو لیس کو واپس کر رہے ہیں۔قبل ازیں حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی نے نگراں وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز کو عہدہ سنبھالنے پر تاجربرادری کی طرف سے مبارکباد دی اور انہیں صدر عدیل صدیقی کی طرف سے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ نجم الدین قریشی نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ڈسٹرکٹ پو لیس صنعت و تجا رت کی ترقی کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، امن و امان کی صورتحال صوبے کے دوسرے شہروں کے مقابلے میں بہتر ہے، ہما ری سبز ی و فروٹ مارکیٹ کی سترہ ایکڑ زمین پر لینڈ مافیا نے قبضہ کیا ہوا ہے، اس کے خالی کرانے کے لئے حکومت اقدامات کرے۔نائب صدر اویس خان نے وزیر داخلہ سندھ کی توجہ امن و امان کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پہلے جرائم کی شرح بڑھ گئی تھی، ڈی آئی جی پی طارق رزاق دھا ریجو اور ایس ایس پی امجد احمد شیخ نے جرائم کو کنٹرول کیا ہے، ایس ایس پی امجد احمد شیخ پر تاجر برادری اعتماد کرتی ہے، عام سائلین کی رسائی پو لیس افسران تک آسان بنا دی ہے تاکہ عوام کی شکایات اور مسائل کا فو ری ازالہ کیا جا سکے، حیدرآباد میں پو لیس نفری بڑھانے کی ضرورت ہے، تھانوں میں پولیس موبائل گاڑیوں کی کمی کی وجہ سے بھی سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سرپرست اقبال حسین بیگ نے کہا کہ ڈی آئی جی پی طارق رزاق دھا ریجو اور ایس ایس پی امجد احمد شیخ کرائم کے خلاف بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں،نگراں حکومت کو پو لیس کو جدید اسلحہ، پولیس موبائل گاڑیاں، جدید وائرلیس سسٹم اور تحقیقاتی ٹیکنا لوجی مہیا کر ے تاکہ بروقت لٹیروں اور لینڈ مافیا کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، چیمبر کے وفد میں پہلاج رائے اور مرزا حسن مسعود بیگ موجود تھے۔
سیکریٹری جنرل