پریس ریلیز
13-2-2023
حیدرآباد ( )حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی کی ہدایت پر سینئرنائب صدر نجم الدین قریشی نے رائیونڈ جما عت کے اراکین بھائی نعیم شاہ، بھائی مولوی آصف کراچی، بھائی محمد فیروز فرید مولانی اور بھائی محمد علی حیدرآباد کا خیر مقدم کرتے ہوئے دین اسلام کی تبلیغ میں ان کی خدمات کو سراہا اور مہمانوں کو سندھ کے روایتی تحائف اجرک اور ٹوپی پیش کئے۔ رائیونڈ جما عت کے رہنما بھائی نعیم شاہ نے تبلیغی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب کریم چاہتا ہے کہ بندہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہو جائے، انسان کی کامیابی اللہ تبارک تعالیٰ کے احکامات اور ختم مرسلین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں کی پیروی سے ممکن ہے، سو دی کاروبار میں نقصان ہے، تاجر برادری صنعت و تجا رت کے شعبوں میں اللہ کے احکامات او ر حضرت محمد مصطفی ﷺ کی پیروی کر کے کامیاب ہو سکتے ہیں،زکوۃ کی ادائیگی سے مال کم نہیں ہوتا۔ حضرت ابو بکر صدیقی رضی اللہ تعالیٰ عنہ، حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ، حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کامیاب تجا رت تا قیامت عظیم مثال ہے، قر آن مجید مکمل ضابطہ حیات ہے، اللہ تعالیٰ خو شخبری دے رہا ہے کہ دیانت دار تاجر روز حشر انبیا ء اور صدیقین کے ساتھ اٹھائے جائیں گے، اللہ تعالیٰ ایمان والوں کا قدر دان ہے بند ہ رب کریم سے تعلق قائم ہو جائے تو دونوں جہاں میں کامیابی ہے۔بھائی نعیم شاہ نے مزید خطاب میں بتایا کہ نوجوانوں پر بزرگوں حقوق ہیں کہ وہ ادب اور احترام کریں اور بزرگوں پر نوجوانوں کے حقوق ہیں کہ وہ اخلاق اور شفقت سے پیش آئیں، خاوند کے زوجہ پر اور زوجہ کے خاوند پر حقوق ہیں جو کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق حقوق ادا کرے تاکہ معا شرہ قائم ہو سکے، امیروں پر غریبوں کے حقوق ہیں امیر اپنے رزق حلال سے زکوۃ، خیرات اور صدقات ادا کریں۔ حکمران شریعت محمدی ﷺ کے احکامات پر عمل کرے تو عوام کے لئے خوشحالی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رائیونڈ جما عت 25دینی شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے، تاجر برادری دین کی تبلیغ کے فرائض میں حصہ لیں۔ تبلیغی نشست کے اختتام پر دین اسلام کی سربلندی، ملک کی معا شی حالت کی بہتری، عوام کی خوشحالی، پاکستان کی سلامتی اور مسلم امہ کے مرحومین بالخصوص حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی کے بڑے بھائی اظفر صدیقی کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔ تبلیغی نشست میں حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین احسن ناغڑ، محمد اکبر خان درانی، محمد سلیم خان، حماد درانی، ارسلان عیسانی، شازان شیخ، علا ؤ الدین قائم خانی، سید طاہر شاہ، مقصود احمد چوہان، اعجاز علی راجپوت، علی رضا آرائیں، راشد باہو و دیگر موجود تھے۔
سیکریٹری جنرل