پریس ریلیز
19-9-2022
حیدرآباد ( )حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی نے زوحد حیدرآباد کے زیر انتظام ایجوکیشن ایکسپو کی ”زوحد باد ایوارڈ 2022“ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی تربیت شفقت او ر تعلیمی میدان میں بڑی محنت سے یہ مقام حاصل کیا ہے، میرے والد عماد صدیقی مرحوم نے صنعت و تجا رت کے شعبے میں رہنمائی کی انہوں نے ہمیشہ دیانتداری کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کا شعور بیدار کیا، صدر چیمبر نے کہا کہ میری تمام کامیابی کے پیچھے والدین کا ہاتھ ہے جوانہوں نے پچھلے 25سال مجھے تراشنے میں لگائے، اس تقریب کے توسط سے میرا نوجوانوں کے لئے پیغام ہے کہ والدین کی خدمت کریں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں سخت محنت کریں، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویج مختلف شعبوں میں طلبہ و طالبات کا تدریسی عمل جاری رکھے ہوئے ہے، اساتذہ کی کوشش ہو تی ہے کہ طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کا شعور دیں اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں، وہ چاہتے ہیں کہ یونیورسٹی کے طلبہ دنیا میں حیدرآباد اور پاکستان کا نام روشن کریں۔ صدر عدیل صدیقی نے کہا کہ زوحد ایجو کیشن ایکسپو طلبہ و طالبات کو معلومات کا ذخیرہ فراہم کرتا ہے، ایسے ایونٹ ہو نے چاہئیں میں زوحد کو مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان دنیا میں سائنس اور ٹیکنالوجی سے لے کر کھیل کے میدان میں چیمپین ہو سکتا ہے تو معا شی میدان میں کیوں نہیں ہو سکتا، پاکستان کی پچھتر سالہ تاریخ میں کوئی تجارتی و صنعتی شخصیت دنیا کے ٹاپ ٹین بڑے ناموں میں نہیں ہے، جبکہ پڑو سی ملک بھا رت کی ریلائنس انڈسٹریز دنیا کے امیر ترین لوگوں کی فہرست میں شامل ہے، پاکستان کے تاجروں کا نام ٹاپ ٹین لوگوں میں آنا ہما رے لئے باعث فخر ہو گا، ہمیں اس مقصد کے حصول کے لئے سخت محنت کرنی ہو گی۔ صدر عدیل صدیقی نے ہم ٹی وی کی چیئر پرسن میڈم سلطانہ صدیقی کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ میڈیا سوسائٹی کا چوتھا ستون ہے، ہم ٹی وی صنعت و تجا رت کی ترقی میں فعال کردار ادا کرسکتا ہے، معیشت مضبوط ہوگی تو پاکستان مضبوط ہو گا، تقریب میں نامور کرکٹر جاوید میانداد، حیدرآباد چیمبر کے سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی رکن محمد عدنان خان و دیگر موجود تھے۔
سیکریٹری جنرل