پریس ریلیز
21-11-2022
حیدرآباد ( )پاکستان ریلوے کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی کاشف رشید نے دورہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اویس خان، ریلوے سب کمیٹی کے چیئر مین نواب الدین قرشی اور تاجروں کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کو سہولت مہیا کر رہے ہیں، پاکستان ریلوے ملک بھر میں سستی اور محفوظ سفر کی سہولت دے رہا ہے، مسافروں کی سہولت کے لئے پاکستان ریلوے آئن لائن سیٹوں کی ریزرویشن کی جا رہی ہے جس سے عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے، حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر تاجر برادری کی سہولت کے لئے وی آئی پی مسافر انتظار گاہ کھو ل رہے ہیں۔ حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اویس خان نے کہا کہ پاکستان ریلوے قومی ادا رہ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تاجر برادری ریلوے سے سفر کرے تاکہ ریلوے کے ریوینیو میں اضافہ ہو، جہاں تک حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی سہولیات کا تعلق ہے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ریلوے انتظامیہ کے ساتھ ہے، حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر مسافر انتظار گاہ میں بینچوں اور الیکٹرک واٹر کولر اسپانسر کریں گے، جبکہ ریلوے پلیٹ فارم پر ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تعاون سے اسٹالوں کو جدید خطوط پر استوار کرانا چاہتے ہیں، ریلوے اسٹیشن کسی بھی شہر کے رہن سہن کی عکا سی کرتا ہے۔ ریلو ے سب کمیٹی کے چیئر مین نواب الدین قریشی نے بتایا کہ حیدرآباد سے سینکڑوں تاجر اور خاندان روزانہ پاکستان ریلوے سے اندرون ملک سفر کرتے ہیں، ٹرانسپو رٹیشن کا مناسب نظام نہ ہونے کی وجہ سے صنعت و تجارت کی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، ریلوے سب کمیٹی کے چیئر مین نے کہا کہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن میں مسافر انتظار گاہ، پینے کے پانی اور صفائی کے انتظامات پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش کرنے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد میں احسن ناغڑ، محمد اریب خان، اعجاز علی راجپوت، رضوان احمد اور علی رضا آرائیں، علی لجپال، فرمان بیگ، ملک ہاشم، سپرنٹنڈنٹ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن محمد رمضان، کمرشل سپرنٹنڈنٹ خواجہ نوید، ندیم قریشی ریزرویشن سپروائزر حیدرآباد و دیگر موجود تھے۔
سیکریٹری جنرل