پریس ریلیز
حیدرآباد میں سو بیڈ پر مشتمل جدید سہولیات سے آراستہ برنس وارڈ فوری قائم کیا جائے۔۔۔عدیل صدیقی
ٹرانسفارمر پھٹنے سے اور گیس سلنڈر پھٹنے کے حادثے سے درجنوں لوگ جان گنوا بیٹھے ہیں حکومت توجہ دے
02-06-2024
حیدرآباد ( )حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی نے تاجروں و صنعتکا روں کے وفد کے ہمراہ سانحہ پریٹ آباد سلنڈر دھماکے میں شہید بچے کی نماز جنازہ میں شرکت کی، صدر ایوان عدیل صدیقی حادثے میں شہیدوں کے گھروں پر گئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی اور امدا دی لفافے بھی پیش کئے، صدر عدیل صدیقی نے تاجروں کے وفد کے ہمراہ لیاقت میڈیکل کالج اسپتال میں برنس وارڈ کا دورہ کر کے زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کے لئے دعا کی اور انہیں امدادی لفافے پیش کئے۔ صدر عدیل صدیقی نے کہا کہ یہ بہت بڑا سانحہ ہے ہم نے کوشش کی ہے کہ مشکل وقت میں غمزدہ خاندانوں کی کچھ مالی مدد کی جا سکے، صدر عدیل صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی لو ڈ شیڈنگ سے گھر کے چولہوں کا انحصار ایل پی جی گیس سلنڈر پر ہو گیا ہے، ضلعی انتظامیہ ایل پی جی فلنگ شاپس مالکان سے ایس۔ او۔ پیز۔ پر عمل کرائے تو دوکانیں کھولنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، انتہائی افسوس کے ساتھ کہا جاتا ہے کہ پچاس لاکھ لوگوں کی آبادی کے شہر میں ہما رے پاس برنس وارڈ نہیں ہے، پہلے ٹرانسفارمر حادثے میں لوگ شہید ہوئے اب یہ دوسرا واقعہ رونما ہوا ہے، حکومت پاکستان حیدرآباد میں جدید سہولیات سے آراستہ کم از کم سو بیڈ پر مشتمل برنس وارڈ قائم کرے تاکہ آتشزدگی کے حادثات میں متاثرین کو فوری طبی امداد مہیا کی جا سکے۔ سرپرست اقبال حسین بیگ، صنعتکا ر و سابق ایم پی اے ندیم احمد صدیقی، سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی، نائب صدر اویس خان اراکین صلاح الدین قریشی، احسن ناغڑ، مقصود احمد چوہان، محمد راشد قریشی، اعجازعلی راجپوت، علی رضا آرائیں، فرمان بیگ، محمد دانش خان، عبد القیوم قریشی، افضال چوہان،نواب خان، ملک ہاشم و دیگر موجود تھے۔
سیکریٹری جنرل