پریس ریلیز
5-6-2022
حیدرآباد ( ) حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی نے جیم خانہ اسٹوڈینٹ کرکٹ کلب کے صدر سید شاکر علی، نائب صدر شکیل احمد قائم خانی، سابق سیکریٹری ڈسٹرکٹ فٹبال ایسو سی ایشن عبد الوحید شیخ اور ان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں حیدرآباد چیمبر آف کامرس صنعت و تجا رت کے فروغ اور معا شی ترقی کے لئے کام کر رہا ہے، وہاں تاجر برادری سماجی، فلاح و بہبود اور کھیلوں کے فروغ میں اپنا تعاون جاری رکھے ہوئے ہے، تاجر برادری نے نیا ز اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور اسکواش کورٹ کی تعمیر سمیت کھیل کے میدانوں کی بحالی کی کو ششیں کی ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشو نما میں کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہے، مستقبل میں بھی کھیل کے فروغ میں تعاون کریں گے۔ وفد کے اراکین نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی، سرپرست اقبال بیگ، سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی، نائب صدر اویس خان کو حیدرآباد چیمبر کی بحالی پر مبارکباد دی اور سندھ کے روایتی تحائف اجرک اور ٹوپی پیش کئے، وفد کے اراکین نے بتایا کہ پچھلے ادوار میں حیدرآباد چیمبر کی طرف سے کھیلوں کے فروغ میں تعاون کیا جاتا رہاہے، مگر کچھ عرصے سے یہ سلسلہ بند ہو چکا تھا، ہم سمجھتے ہیں کہ آپ کھیلوں کے فروغ میں تعاون کریں گے، حیدرآباد میں کھیل کے میدانو ں کی زبوں حالی سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، محبوب گراؤنڈ 12سالوں سے بند ہے، افضال گراؤنڈ بلدیہ کو دینے کے بعد دیکھ بھا ل میں کمی آ رہی ہے، نیاز اسٹیڈیم میں 4سالوں سے ڈومیسٹک کرکٹ میچز نہیں ہو رہے،جبکہ حیدرآباد میں کافی عرصہ سے کوئی انٹرنیشنل میچز نہیں ہو رہے، جس کی وجہ سے نوجوانوں میں مایو سی پائی جا رہی ہے، آپ حیدرآباد میں کھیلوں کے فروغ کے لئے تعاون کریں۔ اس موقع پر سابق ناظم اسپو رٹس آرگنائزر جامشورو تبریز شاہ بخا ری، میچ ریفری پی سی بی ایلیٹ پینل اقبال شیخ، پاکستان ٹیسٹ اسکو رر عارف مجید عارف، کراٹے ماسٹر حیدرآباد فرشاد علی، صدر ہاکس کرکٹ کلب تاج ولی خان اور ارشاد بیگ و دیگر موجود تھے۔
محمد رضوان
سیکریٹری جنرل