تاجر برادری سب کے ساتھ مل کر چلنا چاہتی ہے…عدیل صدیقی
07-08-2022
حیدرآباد ( )حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی نے آل حیدرآباد آفیسر اینڈ آفیشل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری شاہنواز قریشی کی قیادت میں آئے وفد کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری سب کے ساتھ مل کر چلنا چاہتی ہے، ہماری خواہش ہے کہ سرکاری ادا رے صنعت و تجا رت کی ترقی اور تاجر برادری کے اجتماعی مسائل کے حل میں تعاون کریں، تاجر و صنعتکار چاہتے ہیں کہ شہر کی معیشت مضبوط ہو اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں، یقینا حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور واسا شہریوں کو پینے کے صاف پانی، نکا سی و فراہمی آب کی سہولت فراہم کر رہی ہے، حیدرآباد چیمبر واسا کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے سلسلے میں حکومت سندھ سے بات کریں گے تاکہ ملازمین محنت اور لگن کے ساتھ شہریوں کی خدمت کریں اور انہیں سہولیات فراہم کریں۔ قبل ازیں آل حیدرآباد آفیسر اینڈ آفیشل ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری شاہنواز قریشی نے حیدرآباد چیمبر کے نئے ذمہ داروں صدر عدیل صدیقی سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی، نائب صدر اویس خان او ر باڈی کے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ آپ لوگوں کی صنعت و تجارت کے فروغ میں بڑی خدمات ہیں، تاجر و صنعتکار ملک کی معیشت میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور شہر کی ڈیولپمنٹ میں تاجر برادری کا کلیدی کردار ہوتا ہے،واسا جو کہ صنعت و تجارت اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی اور نکا سی آب کی سہولت فراہم کر رہا ہے، بد قسمتی سے واسا میں فنڈز کی کمی کے باعث ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہو پا تی مشکل حالات میں بھی ملازمین کے مفاد میں محنت اور لگن سے فرائض انجام دے رہے ہیں، حیدرآباد چیمبر کے وفاقی اور صوبائی سطح پر اچھے مراسم ہیں ہم چاہتے ہیں کہ آپ واسا کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے سلسلے میں آواز اٹھائیں۔ اس موقع پر ضیا ء الدین قریشی، شہاب الدین انصا ری، احسن ناغڑ،محمد عدنان خان اور وفد کے اراکین موجود تھے۔
سیکریٹری جنرل