پریس ریلیز
14-07-2022
حیدرآباد ( )حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ عیدالاضحی کی چھٹیاں ختم ہونے پر تاجر برادری سندھ حکومت کے نوٹیفیکیشن کے مطابق عمل کر رہی ہے، پیٹرول، گیس اور بجلی کے نرخوں میں جارحانہ اضافے سے تاجر برادری سخت پریشان ہے، روپے کی قدر میں کمی سے عوام کی قوت خرید دن بہ دن متاثر ہو رہی ہے، کاروباری سرگرمیوں پر عائد پابندی ختم نہیں کی گئی تو تاجر برادری دیوالیہ ہو جائے گی، حکومت کے ٹیکسز میں کمی ہو گی، آئندہ سال بجٹ ریوینیو اہداف حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔ چیمبر کے صدر عدیل صدیقی نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہونے سے پاکستان کی اکنامی میں فرق ڈالتا تھا، اب خام تیل کی قیمت میں کمی سے بیلنس آف پیمنٹ آسان ہو گا، جبکہ ملک میں پانی کی قلت کے باعث ہائیڈرو پاور پلانٹ نہیں چلا پا رہے تھے،اب ہائیڈرو پاور پلانٹ چلنا شروع ہو جائیں گے تو ہم سمجھتے ہیں کہ بجلی کے شارٹ فال میں خاطر خواہ کمی آئے گی، تاجر برادری کے لئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں تاکہ صنعت و تجا رت ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے، جب حالات خراب تھے تو تاجربرادری نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا، لیکن اب حکومت کو چاہئے کہ تاجر برادری کے مسائل کو سمجھتے ہوئے ان کا ساتھ دے، حیدرآباد چیمبر آف کامرس وزیر اعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتا ہے کہ کاروباری اوقات پر پابندی فی الفور ختم کی جائے اور تاجروں کو پورا وقت آزادی سے کاروبار کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے جو کہ تاجر برادری کا حق ہے۔ عدیل صدیقی نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ حکومت بر آمدات میں اضافے اور پرائیویٹ سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور صنعت و تجا رت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے تاکہ ملک میں روزگار کے مواقع میسر آئیں، اس طرح ٹیکس وصولی بھی بڑھے گی اور معیشت پر صحت مند اثرات مرتب ہوں گے، ملک میں سیا سی و معاشی کے غیر یقینی ماحول میں تاجر برادری کو سخت مشکلات درپیش ہیں، امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی، شرح سود میں مسلسل اضافے نے تمام شعبوں کی کارکردگی کو متاثر کیا ہے، تاجر برادری کو کاروبار میں آسانی، بزنس فنانس تک رسائی، ایکسپو رٹ فنانسنگ میں سہولیات مہیا کی جانی چاہئے تاکہ ملک کی ایکسپو رٹ بڑھا کر زرمبادلہ کے وسائل میں استحکام پیدا کیا جائے۔
سیکریٹری جنرل