پریس ریلیز
پاکستان بزنس ٹائیکون کی وفات سے بڑا خلا ء پیدا ہوگیا ہے…عدیل صدیقی
30-11-2022
حیدرآباد ( )حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی، سرپرست اعلیٰ محمد اکرام راجپوت، سرپرست اقبال حسین بیگ، سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی، نائب صدر اویس خان اور مجلس عاملہ کے اراکین نے مشترکہ تعزیتی بیان میں ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور ٹی ڈی اے پی کے سابق چیئر مین ایس ایم منیر کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر عدیل صدیقی نے کہا کہ ایس ایم منیر کامیاب،جفاکش، دلیر صنعتکا ر اور ہمدرد انسان تھے،انہوں نے انڈسٹریل سیکٹر کو نئی جدت دی اور اپنی فیملی کو بھی ملک کے نامور صنعتکاروں میں شمار کروایا، صنعت و تجارت اور پاکستان کی معیشت میں ان کی گرانقدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ایس ایم منیر نے چیئر مین ٹی ڈی اے پی کی حیثیت سے پاکستانی مصنوعات کو دنیا بھر میں روشناس کرایا بلکہ بھرپور طریقے سے ایکسپو رٹ کی طرف پاکستانی تاجروں کو راغب کیا، ایس ایم منیر پاکستانی تاجر برادری میں اتحاد اور یکجہتی کی علامت تصور کئے جاتے تھے، ایس ایم منیر نے کئی بار حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کئے، حیدرآباد کی تاجر برادری کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا، پاکستان بزنس ٹائیکون کی وفات سے بڑا خلا ء پیدا ہوگیا ہے، پاکستان کے نامور صنعتکا ر اور تاجر ایس ایم منیر کی وفات پر اشکبار ہیں۔ حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر محمد اکرام راجپوت نے ایس ایم منیر کی وفات پر یونائیٹڈ بزنس گروپ کی قیادت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر کی خدمات تاجروں کے لئے مشعل راہ ہیں، انہوں نے ہمیشہ تاجر برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کی تاکہ ملک کی معیشت کو مستحکم کیا جا ئے۔
سیکریٹری جنرل